اسلام آباد، 10 فروری )اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے بھرپور استفادہ دونوں ممالک کے لیے سودمند ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارماسیوٹیکل، آئی ٹی اور فوڈ سیکٹر میں پاکستان کی برآمدات میں نمایاں بہتری آئی ہے جبکہ صنعتی تنوع اور ویلیو ایڈڈ برآمدات میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے بعد پاکستان اب ترقی کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور پیداواری لاگت میں کمی کو ترجیح دے رہی ہے۔
اس موقع پر کمبوڈیا کی وزیر تجارت چام نیمول نے بھی آئی سی سی آئی سے خطاب کیا اور کہا کہ پاکستانی کمپنیوں کے لیے کمبوڈیا سمیت آسیان خطے میں سرمایہ کاری اور تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان–کمبوڈیا بی ٹو بی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاکستانی سرمایہ کاروں کو کمبوڈیا کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
اجلاس میں اس امر کو بھی اجاگر کیا گیا کہ فوٹیئر، سرجیکل آلات اور فارماسیوٹیکل مصنوعات کے شعبوں میں پاکستان کی عالمی ساکھ مسلمہ ہے۔ آئی سی سی آئی حکام کے مطابق پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان دوطرفہ تجارت میں بے پناہ مگر غیر استعمال شدہ صلاحیت موجود ہے، جسے مؤثر روابط اور تعاون کے ذریعے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔











