اسلام آباد، 10فروری(اے پی پی):پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان-کمبوڈیا مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کا دوسرا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور کمبوڈیا کی وزیرِ تجارت چم نِمل نے کی۔
اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی و اقتصادی تعاون سے متعلق ایجنڈا متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ فریقین نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری روابط کے استحکام اور نجی شعبے کے درمیان اشتراک بڑھانے کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقع پر پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے گئے، جس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک کی ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشنز کے درمیان بھی معاہدے پر دستخط ہوئے، جس کا مقصد تجارتی معلومات کے تبادلے، نمائشوں اور کاروباری وفود کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
اجلاس میں تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے، جنہیں دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کے استحکام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور کمبوڈیا کی وزیرِ تجارت چم نِمل نے اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے جے ٹی سی اجلاس کو کامیاب قرار دیا۔











