لاہور، 09 فروری ( اے پی پی): چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹیم کی ریکارڈ نیلامی پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ آج پاکستان، پاکستان کرکٹ، پی سی بی اور پی ایس ایل کے فخر اور شکر کا لمحہ ہے۔
لاہور میں نیلامی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 10 برس قبل شروع ہونے والے سفر نے آج ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے۔245 کروڑ روپے میں ٹیم کی نیلامی پر اللہ تعالٰی کے حضور سربسجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے بین الاقوامی برانڈ پی ایس ایل پر سرمایہ کاروں کا بے پناہ اعتماد کا اظہار ہے۔ آج پرامن اور کرکٹ سے محبت کرنے والے پاکستان کی فتح ہوئی ہے۔ ٹیم کی نیلامی جیتنے والی فرنچائز ولی ٹیکنالوجیز کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔الحمدللہ پی ایس ایل آج دنیائے کرکٹ کے افق پر چمکتا ستارہ بن چکا ہے۔











