لاہور، 05 فروری ( اے پی پی ): کمشنر لاہور مریم خان اور ڈپٹی کمشنر لاہور کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کی یکجہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ریلی میں ضلعی انتظامیہ کے افسران وعملہ، طلبہ، سول سوسائٹی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ریلی میں شریک شرکا نے کشمیر کے حق میں تعرے بلند کئے ۔
ریلی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کمشنر لاہور مریم خان نے کہا کہ لاہوریوں نے آج ثابت کر دیا کہ ان کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ضلعی انتظامیہ اور عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں، شہر بھر میں ہونے والی ریلیاں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہماری اٹوٹ وابستگی کا اظہار ہیں۔
ڈی سی لاہور محمد علی اعجاز نے اس موقع پر کہا کہ طلبہ اور نوجوانوں کا جوش و خروش ثبوت ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، آج کی ریلی کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کا منہ بولتا ثبوت ہے، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، آزادی ان کا مقدر ہے۔











