کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ریونیو امور سے متعلق اہم جائزہ اجلاس

12

فروری 24(اے پی پی):ملتان کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ریونیو امور سے متعلق اہم    جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مالی سال 2025-26 کے دوران ٹیکس کلیکشن کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈویژن بھر میں ریونیو اہداف کے حصول کے لیے جاری اقدامات، درپیش چیلنجز اور آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ایڈوانس انکم ٹیکس کی ریکوری بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کم ریکوری والے شعبوں میں فوری بہتری لائی جائے اور فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید سخت کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایڈوانس انکم ٹیکس اور آبیانہ ریونیو کے اہم ڈیمانڈ جنریٹر ہیں، ان کے ٹارگٹس کسی صورت نظر انداز نہیں ہونے چاہئیں۔

کمشنر نے ہدایت کی کہ ہر ضلع اور تحصیل میں آبیانہ اور اے آئی ٹی پر انفورسمنٹ فوری شروع کی جائے۔ اجلاس میں پچاس ایکڑ سے زائد اراضی کی ایڈوانس انکم ٹیکس فائلز کی گزشتہ تین سالہ جانچ پڑتال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

عامر کریم خاں نے جون تک ہر تحصیل میں نمبرداروں کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جو نمبردار ریکوری میں تعاون نہ کرے اس کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ایف بی آر کے زرعی انکم ٹیکس نادہندگان کے کھیوٹ بلاک کرنے اور ڈیفالٹرز کی پراپرٹی اٹیچ کرنے کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اجلاس میں آڈٹ کے دوران نشاندہی شدہ اسٹامپ ڈیوٹی کی کمی کی فوری ریکوری پر زور دیا گیا جبکہ پھاٹا اور کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ سے متعلق واجبات کی وصولی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سرکاری املاک کی نیلامی، عارضی کاشتکاری لیز اور دکانوں کی نیلامی کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے کمرشل ایکسپائرڈ لیزز کے کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں شامل اسٹیٹ لینڈ کی نشاندہی اور تبادلے کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ کمشنر عامر کریم خاں نے مسنگ ڈیڈز کی ریکوری اور ریکارڈ کی تکمیل کے لیے واضح ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریل یونٹس سے کنڈونیشن فیس کی وصولی مزید تیز کی جائے۔

اجلاس میں ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ میوٹیشنز کی پینڈنسی کم کرنے کے لیے فیلڈ اسٹاف کو ٹاسک دے کر باقاعدہ مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کمشنر نے ریونیو عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کے جلد فیصلے کو ترجیح بنانے پر زور دیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنر ریونیو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔