یوم یکجہتی کشمیر:چنیوٹ ڈی سی آفس سے ختمِ نبوت چوک تک بڑی ریلی کا انعقاد

20

​چنیوٹ ،5فروری(اے پی پی): ملک بھر کی طرح چنیوٹ میں بھی یومِ یکجہتیِ کشمیر بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا، جس کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ڈی سی آفس سے ختمِ نبوت چوک تک ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کی۔

ریلی میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، تعلیم، سول ڈیفنس، وکلاء، تاجر برادری اور سول سوسائٹی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کشمیریوں کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا کر “کشمیر بنے گا پاکستان” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ آج ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکار نے غیر قانونی ہتھکنڈوں سے مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے، لیکن بھارت ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے کشمیریوں کے جذبہِ آزادی کو دبا نہیں سکتا۔

رہنماؤں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے کیونکہ کشمیر تقسیمِ ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور کشمیری عوام نے اپنے خون سے آزادی کی جو نئی تاریخ رقم کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔