اسلام آباد ، 14 مارچ ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات اور شہریوں کی جان و املاک کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے-
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس کے دوران وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اب تک کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے تمام حساس علاقوں اور عمارتوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے داخلی و خارجی گیٹس پر کام جاری ہے جبکہ شہر کے اہم داخلی اور خارجی راستوں کے اطراف حفاظتی باڑ بھی نصب کی جا رہی ہے۔
اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ اہم مقامات پر جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں جن کے ذریعے مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔ اسی طرح تمام حساس عمارتوں اور مقامات کے اطراف سیکیورٹی کے اضافی انتظامات بھی کئے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت دی کہ سیکیورٹی گیٹس اور حفاظتی باڑ لگانے کے کام کو مزید تیز کیا جائے اور تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو، ریڈ زون اور دیگر حساس مقامات پر سیکیورٹی کے انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران سیکیورٹی کے کاموں کی نگرانی کیلئے اپنے اپنے علاقوں کا باقاعدگی سے دورہ کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔











