ملتان, 14مارچ )اےپی پی )؛کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں سے 54 سی ٹی پی کے پروبیشنری افسران نے ملاقات کی۔ اس موقع پر کمشنر نے افسران کو سرکاری امور، انتظامی نظام اور ملتان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ نئے افسران سروس کے آغاز میں مختلف سرکاری دفاتر کا دورہ کر کے ورکنگ اسٹائل کا جائزہ لیں گے تاکہ نظام کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ دیانتداری، غیر جانبداری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں اور حکومت پنجاب و وزیر اعلیٰ پنجاب کی پالیسیوں کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ افسران کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ حوصلے، دانشمندی اور جرات سے کرنا چاہیے کیونکہ مضبوط فیصلے اور نظام کی درست سمجھ ہی کامیابی کی کنجی ہے۔
کمشنر نے بتایا کہ ملتان شہر کی خوبصورتی اور بہتری کے لیے متعدد اقدامات جاری ہیں۔ پارکس کی بہتری کے لیے وہ ہر اتوار کو ازخود دورہ کرتے ہیں جبکہ مساجد میں نمازیوں کی سہولت کے لیے شو ہارنز فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پرندوں کے لیے شہر میں “آب و دانہ” پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں پانی اور دانے کا انتظام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے شہر میں بس اسٹینڈز اور چوکوں کی تعمیر جاری ہے جبکہ مختلف سرکاری اداروں کے باہمی تعاون سے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ کمشنر کے مطابق ملتان ایونیو کو جدید طرز کی اہم شاہراہ کے طور پر تعمیر کیا جا رہا ہے جبکہ ملتان وہاڑی روڈ کی تعمیر سے خطے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا۔عامر کریم خاں نے مزید بتایا کہ واسا کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے خطیر فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں اور سیوریج کے مسائل کے مستقل حل کے لیے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔











