لاہور، یکم مارچ (اے پی پی: انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا مہم میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں لاہور سمیت صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جیز ساؤتھ پنجاب، سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی ایس پی یو، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
آئی جی پنجاب اور سیکرٹری داخلہ نے موجودہ سرحدی صورتحال اور ممکنہ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے افغانیوں سمیت تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کے عمل میں تیزی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ مشترکہ لائحہ عمل کے تحت پنجاب سے ان کا فوری انخلا یقینی بنائیں۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ غیر قانونی مقیم باشندوں کو پناہ، روزگار یا کاروبار فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ غیر قانونی مقیم افراد کی ہولڈنگ پوائنٹس پر منتقلی اور عارضی قیام کے دوران سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ہولڈنگ پوائنٹس تک منتقلی کیلئے ٹرانسپورٹ، رہائش اور خوراک کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ انخلا کے عمل میں سپیشل برانچ، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) اور دیگر سکیورٹی اداروں کی انٹیلی جنس بیسڈ معلومات سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کی میپنگ، اسکیننگ اور اسکریننگ کے مطابق چیکنگ اور شناخت کا عمل مکمل کیا جائے جبکہ تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ریجنل و ضلعی پولیس افسران انخلا مہم کے دوران متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن برقرار رکھیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 11 ماہ کے دوران پنجاب پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی مدد سے 32 ہزار 730 سے زائد غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ملک سے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے جبکہ 346 افراد تاحال ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔
ڈی پورٹ کئے جانے والوں میں 12 ہزار 356 مرد، 6 ہزار 673 خواتین اور 13 ہزار 700 بچے شامل ہیں۔ مزید برآں ڈی پورٹ ہونے والوں میں رہائشی ثبوت رکھنے والے 10 ہزار 441، افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے 11 ہزار 98 اور 11 ہزار 190 غیر قانونی مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محمد علی نیکوکارا، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ عمران احمر، اے آئی جی آپریشنز پنجاب سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔











