ایران سمیت برادر مسلم ممالک میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، وزیراعظم  شہبازشریف

55

اسلام آباد،29مارچ  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران سمیت برادر مسلم ممالک میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، پاکستان ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا جبکہ ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا ہے ۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فدان اور عرب جمہوریہ مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے وزیرِاعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔پر جوش اور خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور  مصر کے صدر  عبدالفتاح السیسی کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا  اور دونوں رہنماؤں کے ساتھ اپنی حالیہ گفتگو کا بھی ذکر کیا۔وزیرِاعظم نے معزز مہمانوں کو پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ ایران سمیت کئی برادر مسلم ممالک میں جاری کشیدگی  جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں، معیشت اور املاک کا بھاری نقصان ہو رہا ہے، کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔وزرائے خارجہ نے وزیرِاعظم کو مشرقِ وسطیٰ میں جاری صورتحال پر اپنے اپنے ممالک کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔