کوئٹہ، 12 مارچ(اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت نے دس سالہ صوبائی ایکشن پلان بنایاہے جس سے11لاکھ 88 ہزار افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ صوبائی کابینہ نے دس سالہ صوبائی ایکشن پلان کی منظوری دی ہے، پلان پر چار ٹریلین روپے خرچ ہو ں گے۔جمعرات کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوے شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان کابینہ کا خصوصی اجلاس ہواجس میں گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل بھی شریک ہوئے اور موجودہ حکومت نے ایسے منصوبے پر کام کیا جس پر سابق حکومت نے کام نہیں کیا، پلان میں سیکورٹی کے مسائل اور دیگر شعبوں پر عمل درآمد کیاجائے گا، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ پلان پر چار ٹریلین روپے خرچ ہوں گے اور وفاق کے علاوہ دیگر ادارے فنڈنگ کریں گے اس سے 11لاکھ 88 ہزار روزگار کے مواقع ملیں گے،شاہد رند نے کہا کہ یہ منصوبہ ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے اس کا ڈرافٹ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ شیئر کیاجائے گا کیونکہ آنے والے دنوں میں اس پر عمل درآمد کرنے سے بہت سے مسائل سے نمٹا جاسکے گا،شاہد رند نے کہا کہ عسکری قیادت کی رہنمائی بھی منصوبے میں شامل ہے انھوں نے کہا کہ نئے ڈویژن انتظامی امور کو مدنظر رکھ کر بنائے گئے ہیں۔











