ملتان،17 مارچ (اے پی پی ) : کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت جنوبی پنجاب میں آئی بینک کے قیام سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کے طریقہ کار، انتظامی ڈھانچے اور عملی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مؤثر کونسلنگ کے ذریعے قرنیہ عطیہ کو فروغ دے کر بینائی سے محروم مریضوں کو بروقت علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی فوری رجسٹریشن اور عملی آغاز یقینی بنایا جائے جبکہ عیدالفطر کے بعد اسے باقاعدہ ٹرسٹ کی شکل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت تربیت یافتہ والنٹیئرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جبکہ ٹریننگ، آگاہی مہم اور قومی و بین الاقوامی اداروں سے روابط کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مستقبل میں ٹرسٹ کے دائرہ کار کو دیگر ہیلتھ سروسز تک وسعت دی جائے گی۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر راشد قمر نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں آئی بینک نہ ہونے کے باعث مریضوں کو قرنیہ کے لیے بیرون ملک انحصار کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال میں اب تک 303 قرنیہ ٹرانسپلانٹس کامیابی سے مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ 160 سے زائد مریض تاحال ویٹنگ لسٹ میں شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ انفیکشن، غذائی کمی اور آگاہی کی کمی نابینا پن کی بڑی وجوہات ہیں جبکہ قرنیہ کی دستیابی سب سے بڑا چیلنج ہے۔ آئی بینک کے قیام سے مقامی سطح پر قرنیہ کے حصول اور محفوظ بنانے کی سہولت میسر آئے گی، جبکہ جدید مشینری، فریزر اور تربیت یافتہ سرجنز پہلے سے دستیاب ہیں۔ڈاکٹر راشد قمر کے مطابق روزانہ اموات میں سے چند کیسز میں رضامندی بھی درجنوں مریضوں کی بینائی بحال کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔اجلاس کے آغاز میں مرحوم جلال الدین رومی کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اجلاس میں ماجد فخری، خواجہ نجم، خواجہ اظہر، فیصل سعید اور رحمان نسیم سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔











