رمضان ریلیف اور عید انتظامات کا جائزہ، ملتان ڈویژن میں لاکھوں نگہبان کارڈ تقسیم، ہزاروں افراد کو مفت افطار کی سہولت

17

ملتان،16 مارچ) اے پی پی) :کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت رمضان ریلیف اقدامات اور عیدالفطر کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر میں جاری فلاحی اقدامات، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول اور عوامی سہولیات کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے کمشنر کو مختلف اقدامات پر بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رمضان نگہبان کارڈ پروگرام کے تحت ملتان ڈویژن میں اب تک 4 لاکھ 71 ہزار 622 کارڈ مستحق افراد میں تقسیم کئے جا چکے ہیں جس کے ذریعے انہیں مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ اسی طرح ڈویژن بھر میں عوام کی سہولت کے لئے 34 رمضان دسترخوان قائم کئے گئے ہیں جہاں روزانہ 12 ہزار سے زائد افراد کو مفت افطار فراہم کی جا رہی ہے۔کمشنر کو بتایا گیا کہ شہریوں کو سستی اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لئے ڈویژن بھر میں 5 سہولت بازار فعال ہیں جہاں روزانہ 15 ہزار سے زائد شہری خریداری کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پرائس کنٹرول میکانزم کو موثر بنانے کیلئے 19 فروری سے اب تک 183 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 2 لاکھ 10 ہزار 572 انسپکشنز کیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گرانفروشی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 4 ہزار 789 کیسز میں 97 لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 110 افراد کو گرفتار اور 47 دکانوں کو سربمہر بھی کیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو ہر صورت کنٹرول میں رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کی صفائی کے خصوصی انتظامات بھی کئے گئے ہیں اور ڈویژن کی 4 ہزار 775 مساجد کی صفائی مکمل کی جا چکی ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں 235 سرکاری پوائنٹس پر آٹے کی فراہمی جاری ہے جہاں 14 ہزار 869 دس کلوگرام آٹے کے تھیلے دستیاب ہیں جبکہ اب تک 12 ہزار 963 بیگز شہریوں کو فروخت کئے جا چکے ہیں۔کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عیدالفطر کے موقع پر صفائی، ٹریفک اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔