روحانی و جدید خطاطی سے مزارِ حضرت علی ہجویریؒ کو مزید پرکشش بنائیں گے، نبیل جاوید

11

لاہور 27 مارچ ( اے پی پی )۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، نبیل جاوید نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب زائرین کو جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے تاکہ عظیم صوفی بزرگ حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخشؒ کے مزار کی روحانی و تاریخی عظمت کے شایانِ شان ترقیاتی کام مقررہ مدت میں اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جا سکیں۔

انہوں نے یہ بات مزارِ داتا دربار پر جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، خطیب داتا دربار مولانا رمضان سیالوی، جنرل منیجر نیسپاک عادل نذیر، ماہر خطاطی عرفان قریشی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ یہ تاریخی مزار روزانہ پاکستان سمیت بیرونِ ملک سے آنے والے ہزاروں زائرین کی توجہ کا مرکز ہے۔

قبل ازیں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید اور سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ (C&W) کے زیرِ انتظام جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا، جو عید کی تعطیلات کے بعد دوبارہ شروع ہوئے۔ انہوں نے منصوبے کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور موقع پر ہی ہدایات جاری کیں تاکہ کام بروقت مکمل ہو سکے۔

اجلاس کے دوران ماہر خطاطی عرفان قریشی نے رباعیات اور شاعری پر مشتمل مختلف خطاطی کے نمونے پیش کیے، جنہیں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے معمولی ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ منتخب خطاطی، جس میں قرآنی آیات، احادیثِ مبارکہ اور صوفیانہ کلام شامل ہوگا، مزار کے مرکزی گنبد اور دیواروں پر سنگِ مرمر پر نہایت خوبصورتی سے کندہ کیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نبیل جاوید نے زور دیا کہ مزار پر کی جانے والی خطاطی اس کی روحانی عظمت اور تاریخی اہمیت کی عکاسی کرے اور اسے اس انداز میں مکمل کیا جائے کہ یہ زائرین بالخصوص بین الاقوامی مہمانوں کے لیے دیدہ زیب اور روح پرور ماحول فراہم کرے۔

سی ای او مدینہ فاؤنڈیشن اسلم ترین کے ساتھ تفصیلی گفتگو کے دوران سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور سیکرٹری اوقاف نے ہدایت کی کہ مزار کے مرکزی گنبد پر سنگِ مرمر کا کام تین ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اس منصوبے میں ہونے والی تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ مزید کسی تاخیر کی گنجائش نہیں۔

دونوں حکام نے اس امر کا اعادہ کیا کہ کام کی رفتار تیز کی جائے، معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مزارِ حضرت علی ہجویریؒ پر آنے والے زائرین کو ایک پُرسکون، منظم اور روحانی طور پر بامقصد ماحول میسر آ سکے۔