ستھرا ملتان وژن: ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کا رہائشی علاقوں کا ہنگامی دورہ، صفائی نظام برقرار رکھنے کی ہدایت

14

ملتان، 24مارچ (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ”ستھرا ملتان “ وژن کے تحت شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے رہائشی علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف علاقوں کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے جاری صفائی آپریشن کی خود نگرانی کی اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔

ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز سے ملاقات کی اور انہیں عیدالفطر کے موقع پر مثالی صفائی نظام پر مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عید کے دوران صفائی ورکرز نے مثالی کارکردگی دکھاتے ہوئے شہریوں کو بہترین ریلیف فراہم کیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ عید کے بعد بھی صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے اور شہر بھر میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات جاری رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آ سکے۔