شہرِ اولیاء ملتان پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے میچز کی میزبانی کیلئے تیار ہے اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں یکم اپریل سے میچز کا آغاز ہوگا

15

ملتان ،13(اے پی  پی ):شہرِ اولیاء ملتان پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے میچز کی میزبانی کیلئے تیار ہے اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں یکم اپریل سے میچز کا آغاز ہوگا جہاں چار میچز کھیلے جائیں گے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی صدارت میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ضلعی انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں پی ایس ایل میچز کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ٹیموں کی سکیورٹی، اسٹیڈیم انتظامات اور شائقین کرکٹ کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے بتایا کہ پی ایس ایل میچز کے ٹکٹوں کی فروخت 24 مارچ سے شروع ہوگی جبکہ شہریوں کی سہولت کیلئے باقاعدہ ٹکٹ باکس آفس بھی قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی فروخت کیلئے ٹی سی ایس کو آفیشل پارٹنر مقرر کیا گیا ہے اور شہری ملک بھر سے آن لائن بھی ٹکٹ حاصل کرسکیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے فاطمہ جناح ٹاؤن سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم تک خصوصی شٹل سروس چلائی جائے گی جبکہ میچز کے موقع پر شہر کی اہم شاہراہوں اور چوکوں کو خصوصی طور پر سجایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیموں کی ملتان آمد 30 مارچ کو متوقع ہے اور کھلاڑیوں کے قیام کیلئے ہوٹلوں کی چیکنگ اور سرویلنس سخت کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

انہوں نے سکیورٹی اداروں کو فول پروف انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیم اور ٹیموں کے روٹس کی خصوصی نگرانی کی جائے گی۔ میچز کے دوران میڈیکل ایمرجنسی سروسز، ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز ہائی الرٹ رہیں گی جبکہ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر صفائی کے خصوصی انتظامات کیلئے ویسٹ مینجمنٹ ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹیموں اور آفیشلز کی آمدورفت کیلئے روٹس کی کلیئرنس اور ٹریفک مینجمنٹ پلان بھی تیار کرلیا گیا ہے جبکہ ڈینگی کے خطرے سے بچاؤ کیلئے اسٹیڈیم اور اطراف میں خصوصی سپرے مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شائقین کرکٹ کیلئے پارکنگ کے خصوصی انتظامات بھی کئے جائیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔