اسلام آباد، 30 مارچ ( اے پی پی): صدر پاکستان آصف علی زرداری کی زیر صدارت ایوان صدر میں ایک اہم اجلاس میں اقتصادی، توانائی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، صوبائی وزیراعلیٰ، اور دیگر وزراء نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت عوام کو ضروری اشیاء کی فراہمی اور قیمتوں میں استحکام کے لیے کئی اقدامات کر رہی ہے۔ تیل اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔صدر زرداری نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے اور اس کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی طور پر کمزور عوام کو اس مشکل وقت میں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت نے اپنےخرچوں میں کمی کی ہے اور بچائے گئے فنڈز کو عوامی امداد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ صدر زرداری نے عوامی آگاہی کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تیل کے استعمال کو کم کرنے اور عوامی نقل و حمل کے استعمال کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے۔











