عیدگاہ چوک تا مچھلی منڈی سڑک کی مرمت و بحالی مکمل، کمشنر عامر کریم خاں نے افتتاح کر دیا

20

ملتان: 15 مارچ (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے عیدگاہ چوک تا مچھلی منڈی سڑک کی مرمت و بحالی کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سی او میونسپل کارپوریشن اقبال خان سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور شہر کی اہم شاہراہوں کی تعمیر و مرمت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدگاہ چوک تا مچھلی منڈی سڑک کی بحالی سے نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ شہریوں کو آمدورفت میں بھی نمایاں سہولت میسر آئے گی۔کمشنر نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت 3 ہزار 500 فٹ طویل اور 30 فٹ سے زائد چوڑی سڑک کو جدید معیار کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے جس پر مجموعی طور پر 4 کروڑ 44 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں اور کاروباری افراد کو بھی سہولت ملے گی اور روزمرہ آمدورفت کے مسائل میں واضح کمی آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو معیاری انفراسٹرکچر فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے شہر بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ شہر کی مختلف اہم شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے مکمل ہونے سے ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور شہریوں کے سفر کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے۔اس موقع پر سی او میونسپل کارپوریشن اقبال خان نے کمشنر کو منصوبے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سڑک کی تعمیر جدید انجینئرنگ تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کی گئی ہے تاکہ یہ طویل عرصہ تک کارآمد رہے۔افتتاح کے موقع پر افسران نے سڑک کا معائنہ بھی کیا اور منصوبے کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شہریوں نے بھی سڑک کی تعمیر و بحالی کے اقدام کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔