عید الفطر؛ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کا مختلف ناکہ جات کا دورہ، سیکورٹی کا جائزہ لیا

12

اسلام آباد، 21 مارچ ( اے پی پی): اسلام آباد میں عید الفطر کے پہلے روز ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران و اہلکار سکیورٹی اور دیگر فرائض کی انجام دہی کے لیے فیلڈ میں متحرک رہے، جس کے دوران ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے شہر کے مختلف ناکہ جات کا دورہ کر کے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے فرداً فرداً عید مبارک باد دی۔ اس موقع پر ڈی سی اسلام آباد نے اپنوں سے دور رہ کر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے والے اہلکاروں کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ رمضان المبارک سے عید کے دن تک انتظامیہ اور پولیس ہمہ وقت ڈیوٹی پر موجود ہے تاکہ شہری پرامن ماحول میں عید کی خوشیاں منا سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہر بھر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ تفریحی مقامات اور پارکس میں بھی شہریوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات مکمل ہیں، جس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام اہل وطن کے لیے عید کی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔