اسلام آباد، 21 مارچ ( اے پی پی): پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر پوری قوم اور دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے اور وطن عزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ میری اور پاکستان کرکٹ ٹیم کی طرف سے آپ سب کو عید بہت زیادہ مبارک ہو، انہوں نے مداحوں کو اپنا خیال رکھنے اور اپنے دوستوں و اہل خانہ کے ساتھ خوشیاں منانے کی تلقین کی۔
سلمان علی آغا نے پاکستان اور دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانیوں کو عید کی مبارکباد دی، جبکہ حارث رؤف نے خصوصی طور پر بیرون ملک مقیم مسافروں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھا اور انہیں عید کی خصوصی مبارکباد پیش کی۔
محمد رضوان نے پوری امت مسلمہ کو دلی عید مبارک کہا اور فہیم اشرف نے بھی تمام مسلمانوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
نوجوان کھلاڑیوں میں غازی غوری، عبد الصمد اور شامل حسین نے بھی اپنے پیغامات میں پاکستانی بہن بھائیوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی اور اس موقع پر سب سے دعاؤں کی درخواست کی۔ پوری ٹیم نے اس عید کو امن اور خوشیوں کا پیغام قرار دیتے ہوئے مداحوں سے اپنی محبتوں کا اظہار کیا ہے۔











