غریب طبقے کو ریلیف اور خود کفالت کی طرف لانا قومی ترجیح، امیر طبقے پر ٹیکس اور ہنر مند نوجوان ہی معاشی استحکام کی بنیاد ہیں، قیصر احمد شیخ

12

فیصل آباد/چنیوٹ۔ 09 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائیدار معاشی استحکام کی طرف لے جانے کے لیے غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنا، نوجوانوں کو ہنر مند بنانا اور امیر طبقے پر مؤثر ٹیکس نظام نافذ کرنا ناگزیر ہے تاکہ ملک کو عالمی مالیاتی دباؤ سے نکال کر خود کفالت کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔وہ چنیوٹ میں مستحق خواتین اور خاندانوں میں عید پیکج کی تقسیم کی سالانہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جہاں ہزاروں مستحق خاندانوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

وفاقی وزیر نے مستحق خواتین میں کپڑے تقسیم کیے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کو سہارا دینا ریاست اور قیادت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست کا اصل مقصد اقتدار نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت اور معاشرے کے محروم طبقات کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پچیس برسوں سے عید کے موقع پر مستحقین میں امداد کی تقسیم کی روایت کو برقرار رکھا گیا ہے اور ہر سال ہزاروں خاندانوں کو اس اقدام کے ذریعے خوشیوں میں شریک کیا جاتا ہے جو سماجی ذمہ داری کے احساس کی ایک عملی مثال ہے۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر نوجوانوں کی تعلیم اور ہنر مندی کو قومی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف مالی امداد مسائل کا مستقل حل نہیں بلکہ نوجوان نسل کو ہنر اور جدید تعلیم سے آراستہ کرنا ہی اصل کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ میں فاسٹ یونیورسٹی اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے کیمپسز کے قیام سے علاقے میں تعلیمی انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے جس سے مقامی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے دور دراز شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا اور علاقائی ترقی کو بھی نئی رفتار ملے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور اسی سلسلے میں ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی یومِ آزادی کے موقع پر موٹر سائیکل اور رکشہ سواروں کو پانچ، پانچ لیٹر مفت پٹرول فراہم کیا جائے گا تاکہ مہنگائی کے دباؤ میں پسے ہوئے شہریوں کو عملی سہولت فراہم کی جا سکے۔قیصر احمد شیخ نے ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ٹیکس نظام میں بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خوشحال اور صاحب حیثیت طبقے کو قومی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے زیادہ ٹیکس دینا ہوگا تاکہ کمزور طبقات پر مالی بوجھ کم کیا جا سکے اور ریاست کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے درکار وسائل میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی حکمت عملی کا مقصد پاکستان کو عالمی مالیاتی اداروں کے دباؤ سے نکال کر ایک مضبوط اور خودمختار معیشت کی طرف لے جانا ہے جس کے لیے بعض اوقات مشکل فیصلے بھی ناگزیر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر قومی وسائل کو منصفانہ انداز میں استعمال کیا جائے اور ہر طبقہ اپنی ذمہ داری ادا کرے تو پاکستان جلد معاشی استحکام حاصل کر سکتا ہے۔وفاقی وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے عوامی فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور سماجی تحفظ کے منصوبوں کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستحق طبقات کی مدد، نوجوانوں کی تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ اور معیشت کی مضبوطی کے لیے حکومت اور قیادت مشترکہ طور پر عملی اقدامات جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان کو ایک خوشحال اور خود کفیل ریاست بنایا جا سکے۔