ملتان میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کی ریلی

15

ملتان،9 مارچ (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کی جانب سے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر چوک کچہری تک نکالی گئی جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر، سی ای او میونسپل کارپوریشن اقبال خان، تاجر برادری، وکلا، سماجی و شہری تنظیموں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے ملکی دفاع اور سلامتی کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاک فوج نے ہر مشکل گھڑی میں ملک کے دفاع کو یقینی بنایا ہے اور قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ شرکاء نے پاکستان کی سالمیت اور دفاع کیلئے خدمات انجام دینے والے پاک فوج کے ہیروز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے قومی اداروں کا مضبوط ہونا ناگزیر ہے۔

ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کی حفاظت، استحکام اور ترقی کیلئے تمام قومی اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی برقرار رکھی جائے گی اور کسی بھی مشکل وقت میں پوری قوم متحد ہو کر ملک کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔