ملتان،23 مارچ( اے پی پی): عیدالفطر کے موقع پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر بھر میں گرینڈ صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہا۔ عید کے تینوں روز کمپنی کا عملہ فیلڈ میں متحرک رہا اور صفائی کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا گیا۔عوامی رش کے پیش نظر پارکوں، قبرستانوں، جنرل بس سٹینڈز اور ریلوے اسٹیشنز پر میگا کلین اپ آپریشن کیا گیا جبکہ مساجد اور عبادت گاہوں میں علی الصبح صفائی کے مثالی انتظامات کیے گئے۔ مساجد کے اطراف، روٹس اور احاطوں کی خصوصی دھلائی کی گئی اور اینٹی سموگ وہیکلز کے ذریعے عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا۔سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی عملے سے ملاقات کی۔ انہوں نے صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے ورکرز کی حاضریوں کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔عید ایام کے دوران ملتان ڈویژن میں 16 ہزار سے زائد ورکرز صفائی آپریشن میں مصروف رہے جبکہ 4 ہزار سے زائد مشینری بھی استعمال میں لائی گئی۔ مرکزی شاہراہوں، پارکس اور دیگر عوامی مقامات پر خصوصی صفائی انتظامات کیے گئے۔مزید برآں “ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت مختلف مقامات پر آگاہی کیمپس بھی قائم کیے گئے جہاں شہریوں میں صفائی سے متعلق شعور اجاگر کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر صفائی آپریشن کی مسلسل نگرانی کی گئی جبکہ متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہے۔











