ملتان:(30 مارچ 2026) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے “ملتانی کارنر” کا باقاعدہ افتتاح کردیا، جو شہریوں کے لیے ایک خوبصورت اور کارآمد عوامی مقام کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔کمشنر عامر کریم خاں کے مطابق سوا دو مرلے رقبے پر قائم اس منصوبے پر تقریباً 32 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ جگہ پہلے خالی پڑی تھی جہاں لوگ کچرا پھینکتے تھے اور علاقہ بدنما دکھائی دیتا تھا، تاہم میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی گئی کہ اسے ایک خوبصورت عوامی مقام میں تبدیل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملتانی کارنر کی تعمیر میں مقامی ثقافت کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ دیواروں اور ڈیزائن میں مزارات، ملتانی تہذیب اور روایتی پوٹری کے عناصر کو نمایاں کیا گیا ہے جبکہ مقامی فنکاروں کی ہاتھ کی کاریگری بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔
کمشنر کا کہنا تھا کہ ملتانی کارنر کو شہر کی پہچان اور خوبصورتی کے نئے نمونے کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں شہریوں کے بیٹھنے اور آرام کرنے کے لیے صاف ستھری اور دلکش جگہ فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ شہریوں کو ایک مثبت تفریحی ماحول بھی میسر آیا ہے۔











