ملتان :عیدالفطر کیلئے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے ،اشیاء خوردونوش کی قیمتیں کنٹرول رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا میگا کریک ڈاؤن

17

ملتان، 20مارچ(اے پی پی):عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے اور پھلوں و سبزیوں سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے میگا کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر جمعۃ المبارک کے روز بھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شہر بھر میں مختلف مارکیٹس، سٹورز اور دکانوں کی چیکنگ کی اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائیں۔

کارروائیوں کے دوران امتیاز میگا سٹور کو زائد نرخ وصول کرنے پر 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر صدر وقاص ظفر نے متعدد مارکیٹس اور سٹورز کی انسپکشن کرتے ہوئے گرانفروشوں کو بھاری جرمانے کئے۔ اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ثناء رام چند سمیت دیگر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے بھی اپنی اپنی تحصیلوں میں چیکنگ کے دوران خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائیاں کیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کے مطابق عید ایام میں شہریوں کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی گئی ہے اور کسی بھی دکاندار کو من مانی قیمتیں وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مزید برآں ماہ رمضان المبارک کے دوران ایک کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے جا چکے ہیں اور یہ کریک ڈاؤن عید تک بلا تعطل جاری رہے گا۔