ملتان-معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ کا اچانک دورہ، رمضان میں صوبہ بھر میں فیصلہ کن کریک ڈاؤن جاری

28

ملتان ،3 مارچ(اے پی پی): معاونِ خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ نے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کے ہمراہ ملتان کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے گراں فروشی کے خلاف سخت کارروائیاں کیں۔

گلگشت، ممتاز آباد اور گھنٹہ گھر سمیت مختلف مارکیٹس میں پرائس چیکنگ کے دوران گراں فروشی پر آئیڈیل شاپنگ مال کو سربمہر کر دیا گیا جبکہ متعدد دکانداروں کو جرمانے اور سخت وارننگ جاری کی گئی۔ ڈی سی کاؤنٹر پر مہنگی اشیاء فروخت کرنے پر بھی فوری ایکشن لیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمیٰ بٹ نے کہا کہ ماہِ مقدس رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر میں فیصلہ کن کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں اب تک گراں فروشی پر 5 کروڑ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں جبکہ 477 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہرِ اولیاء ملتان میں رمضان کے دوران 92 لاکھ روپے جرمانہ اور 25 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ صوبہ بھر میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد شہری 421 رمضان نگہبان دسترخوانوں پر روزہ افطار کر رہے ہیں جبکہ 40 ارب روپے مالیت کے وزیر اعلیٰ رمضان نگہبان کارڈ 41 لاکھ خاندانوں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

سلمیٰ بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب روزانہ آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں کا خود جائزہ لیتی ہیں اور منڈیوں میں آنے والے مال کا مکمل ریکارڈ رکھا جا رہا ہے۔ منڈیوں میں چیک اینڈ بیلنس کے مؤثر نظام کے تحت ترسیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چند اشیائے ضروریہ کے ریٹ مقرر کرنے، دودھ، دہی، مٹن اور بیف کے سرکاری نرخوں میں ردوبدل کے لیے کام جاری ہے جبکہ سبزیاں، دالیں اور چینی کی قیمتوں میں واضح کمی آئی ہے۔ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

معاونِ خصوصی نے کہا کہ آج پنجاب میں یکساں ترقی کا عمل جاری ہے اور جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرنے کا تاثر ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے رمضان دسترخوان میں تعاون کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پورے صوبے میں 74 رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں اور شہریوں کا حق ان کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے۔