ملتان ۔3 مارچ )اے پی پی):معاونِ خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ نے ملتان کا دورہ کیا اور گلگشت کے مختلف علاقوں میں گھر گھر جا کر مستحق خاندانوں میں وزیر اعلیٰ نگہبان راشن کارڈز تقسیم کیے۔ اس موقع پر وہ شہریوں میں گھل مل گئیں اور ان کے مسائل بھی سنے۔
سلمیٰ بٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کمزور اور سفید پوش طبقے کے ساتھ کھڑی ہے اور نگہبان راشن کارڈ مستحق خاندانوں کے لیے باعزت سہارا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کارڈ کے ذریعے آٹا، گھی، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ حاصل کی جاسکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع ملتان میں اب تک ایک لاکھ 22 ہزار خاندانوں کو نگہبان راشن کارڈ فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ ماہِ رمضان المبارک میں ایک لاکھ 67 ہزار شہریوں کو کارڈز کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت ہے کہ کسی بھی مستحق فرد کو فہرست سے محروم نہ رکھا جائے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان نے اس موقع پر بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر کارڈز کی تقسیم کے عمل کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں گھر گھر جا کر باعزت انداز میں کارڈز فراہم کر رہی ہیں اور ہر صورت ماہِ رمضان میں مقررہ ہدف مکمل کیا جائے گا۔











