ملتان، 30 مارچ (اےپی پی): کمشنر عامر کریم خاں نے امتحانات میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے تعلیمی بورڈ ملتان میں جدید ایگزامینیشن کنٹرول روم کا افتتاح کر دیا۔ اس کنٹرول روم کے ذریعے ملتان ڈویژن کے 31 حساس امتحانی مراکز کی براہ راست مانیٹرنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
کمشنر کے مطابق 196 کیمروں کے ذریعے امتحانی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ تمام کیمروں کو لاہور بورڈ اور صوبائی سطح پر بھی لنک کر دیا گیا ہے، جس سے ڈبل مانیٹرنگ کا نظام فعال ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس بیسڈ کنٹرول روم کے قیام سے شفاف امتحانی نظام کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ نقل کے مکمل سدباب کیلئے سخت نگرانی اور فوری کارروائی کا نظام نافذ کیا گیا ہے اور امتحانی مراکز میں میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئی نسل کے مستقبل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
سیکرٹری تعلیمی بورڈ خرم قریشی کے مطابق کنٹرول روم میں 20 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جن میں سے 13 شکایات سننے جبکہ دیگر مانیٹرنگ پر مامور ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شکایات کے فوری ازالے کیلئے ہیلپ لائن 9210014-27 بھی جاری کر دی گئی ہے جبکہ سپرنٹنڈنٹ بورڈ اشفاق احمد کو کنٹرول روم کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔











