ملتان، 30 مارچ (اے پی پی): منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) ملتان سید وسیم حسن نے شہر کے مختلف پارکوں، چوکوں اور گرین بیلٹس کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی و خوبصورتی کے کاموں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے مدنی پارک، جناح پارک، چوک کمہاراوالاں، وہاڑی چوک اور نگانہ چوک کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود افسران کو لینڈ سکیپنگ، صفائی ستھرائی اور موسمی پھولوں کی شجرکاری کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر سید وسیم حسن نے کہا کہ شہر کے چوکوں اور گرین بیلٹس کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو خوبصورت اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارکوں میں عوامی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
ایم ڈی پی ایچ اے نے پارکوں میں قائم واش رومز کو فعال رکھنے اور ان کی مستقل صفائی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے اہم چوکوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مزید بہتر اور دلکش بنایا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کو بہتر شہری ماحول میسر آئے گا۔











