ملتان،(11مارچ (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے سماعت سے محروم بچوں کی معاونت کیلئے اہم اور ہمدردانہ اقدام اٹھاتے ہوئے ڈویژن بھر میں خصوصی سروے مکمل کرا لیا ہے۔ سروے کے دوران ایسے بچوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی سماعت ہیئرنگ ایڈ کے ذریعے بہتر بنائی جا سکتی ہے۔کمشنر عامر کریم خاں کی اپیل پر مخیر حضرات اور ادارے خصوصی بچوں کی مدد کیلئے آگے آگئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈویژنل انتظامیہ اور PARCO کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت کی جانب سے اسپیشل سکولوں میں زیر تعلیم سماعت سے محروم بچوں کو 175 ہیئرنگ ایڈز فراہم کی جائیں گی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ہیئرنگ ایڈز کی فراہمی سے ان بچوں کیلئے تعلیم اور معاشرتی زندگی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچہ معاشرے کی توجہ اور سہولتوں کا حق دار ہے اور مخیر اداروں کے تعاون سے خصوصی بچوں کی زندگی میں امید اور خود اعتمادی پیدا ہوگی۔











