ملتان،11مارچ (اے پی پی): 21 رمضان المبارک،یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ریسکیو 1122 ملتان نے ایمرجنسی کور پلان نافذ کرتے ہوئے ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کی ہدایت پر ریسکیو اسٹاف مختلف مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق ایمرجنسی کور پلان کے تحت ضلع ملتان میں 150 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 5 فائر ٹینڈر، 15 ایمبولینسز، 18 موٹر بائیک ایمبولینسز اور ایک اسپیشل ریسکیو وہیکل بھی ڈیوٹی پر موجود ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کا کہنا ہے کہ یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر بڑی مجالس اور جلوسوں کے لیے موبائل ریسکیو پوسٹیں بھی قائم کی گئی ہیں تاکہ عزاداروں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ اس کے علاوہ ضلع بھر کی اہم امام بارگاہوں اور عزاداری کے مقامات پر بھی ریسکیو 1122 کی خصوصی پوسٹیں قائم کی گئیں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے اور کسی بھی ایمرجنسی کال پر فوری رسپانس دیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایمرجنسی رسپانس میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو بروقت امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔











