ملتان، 17 مارچ (اے پی پی ): ملتان میں عیدالفطر کے انتظامات کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے اور مختلف محکموں کو اہم ٹاسک سونپ دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں عید کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں شہر بھر میں خصوصی صفائی کیمپس لگانے اور صفائی آپریشن کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ مرکزی شاہراہوں، مساجد اور عیدگاہوں کے باہر فلاور گیٹس لگانے کی بھی منظوری دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عیدالفطر کے موقع پر واسا ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں اور سیوریج مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ جامعات اور مساجد کے روٹس پر خصوصی صفائی پلان ترتیب دینے اور نکاسی آب کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
انہوں نے مارکیٹس میں رش کو کنٹرول کرنے کیلئے جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان طلب کیا اور کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ پارکوں میں سہولیات بہتر بنانے اور جھولوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کرایوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔











