ملتان پبلک سکول اینڈ کالج کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ، تعلیمی و انتظامی شعبوں میں نمایاں بہتری

19

ملتان،28 فروری (اے پی پی ):عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان پبلک سکول اینڈ کالج کی سالانہ کارکردگی سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں جنوری 2025 تا جنوری 2026 تعلیمی، انتظامی اور لاجسٹک بہتری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران سکول انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ادارے میں انگریزی کو بطور ذریعہ تعلیم مزید مضبوط بنانے اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے خاطر خواہ پیشرفت ہوئی ہے۔ بائیو میٹرک حاضری نظام کے نفاذ سے اساتذہ اور عملے کی نگرانی میں شفافیت آئی ہے جبکہ نظم و ضبط کے فریم ورک کو مزید سخت اور مؤثر بنایا گیا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ میٹرک اور او لیول کے نتائج میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے اور بعض سیکشنز میں سو فیصد نتائج حاصل کیے گئے ہیں۔ لیو پالیسی اور اکیڈمک مانیٹرنگ سسٹم کو مؤثر بنا کر تعلیمی معیار میں اضافہ کیا گیا ہے۔مالی امور کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے ERP سسٹم کے نفاذ اور ادارے کی ویب سائٹ کی اپ گریڈیشن پر کام جاری ہے۔ جدید تقاضوں سے ہم آہنگی کیلئے تین کمپیوٹر لیبز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جہاں 45 فعال سسٹمز کے ذریعے ڈیجیٹل لرننگ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔کیمپس سکیورٹی کے حوالے سے 40 کیمرے نصب کیے گئے ہیں جس سے نگرانی کا نظام مزید مؤثر ہوا ہے۔ نئے داخلوں کی بدولت طلبہ کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہم نصابی سرگرمیوں، سپورٹس پروگرام اور شجرکاری مہم کو بھی عوامی سطح پر سراہا گیا۔دونوں برانچوں کے پرنسپلز نے زیر التواء ترقیاتی منصوبوں، سولرائزیشن، سٹاف کوارٹرز اور سٹریٹ لائٹس سے متعلق امور پر بھی بریفنگ دی۔کمشنر عامر کریم خاں نے متعلقہ حکام کو ادارے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم، ڈسپلن اور سہولیات میں نمایاں بہتری لا کر ملتان پبلک سکول اینڈ کالج کو ایک نامور اور بین الاقوامی معیار کا تعلیمی ادارہ بنایا جائے گا۔