اسلام آباد، 5 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی سربراہی میں بحری تجارت کو درپیش چیلنجز اور مواقع کا جائزہ لینے کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
کمیٹی کے اجلاس میں خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بحری تجارت کو درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں بدلتے عالمی تجارتی راستوں کے تناظر میں پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ اور بندرگاہی صلاحیت کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے امور زیر بحث آئے۔
وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورٹ قاسم، کراچی پورٹ اور گوادر پورٹ کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ہے اور ان بندرگاہوں کو علاقائی و عالمی تجارتی سرگرمیوں کے لیے مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بندرگاہیں عالمی ٹرانس شپمنٹ کاروبار حاصل کرنے کی بڑی صلاحیت رکھتی ہیں اور پاکستانی بندرگاہیں کنٹینر ٹرانس شپمنٹ، بلک کارگو اور بنکرنگ سہولتوں کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مؤثر لاجسٹکس اور مسابقتی سہولتوں کی فراہمی کے ذریعے بین الاقوامی شپنگ لائنز کو پاکستان کی بندرگاہوں کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے جس سے ملکی معیشت اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
اجلاس میں وزارت خزانہ، وزارت تجارت، وزارت پیٹرولیم، این ایل سی، بندرگاہی اداروں اور ایف بی آر کے حکام نے شرکت کی۔











