چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس میں اہم اجلاس، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری سکیموں کا جائزہ

15

لاہور، 05 مارچ (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت رواں سال 27 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے جن میں 9 جاری، 10 نئی جبکہ 7 سکیمیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترجیحی اقدامات سے متعلق ہیں۔ ان ترجیحی اقدامات میں بلاسود قرضوں کی 6 سکیمیں اور گارمنٹ سٹی کا پراجیکٹ شامل ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اے ڈی پی کے تحت جاری سکیموں کیلئے رواں سال 10 ہزار 721 ملین روپے مختص کئے گئے جن میں سے 7 ہزار 253 ملین روپے جاری ہو چکے ہیں جبکہ اب تک 3 ہزار 286 ملین روپے خرچ کئے جا چکے ہیں جو مجموعی رقم کا تقریباً 45 فیصد بنتا ہے۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار فنانس سکیم کے دوسرے مرحلے میں بلاسود قرضوں کی فراہمی جاری ہے اور اس سکیم پر مؤثر عملدرآمد سے پنجاب میں معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور تاجر اس سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کی ڈیمانڈ اور انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق نئی انڈسٹریل اسٹیٹس قائم کی جا رہی ہیں جبکہ موجودہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں بھی تیزی سے نئی صنعتیں لگ رہی ہیں جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب کی 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے بڑے پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔اجلاس میں صوبائی وزیر نے ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انڈسٹریلائزیشن سے متعلق ویب سائٹ کو بھی اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت جاری کی۔اس موقع پر سیکرٹری انڈسٹریز عمر مسعود نے ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سی ای او، پیسک، پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (PIEDMC)، فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (FIEDMC)، دی اربن یونٹ کے حکام اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔