وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمٰن جاسم المطیری نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سیکرٹری صنعت سیف انجم، سیکرٹری تجارت جواد پال اور ڈی جی نیشنل لاجسٹکس کمپنی میجر جنرل فرخ شہزاد راؤ بھی شریک تھے۔
ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ کویت پاکستان کا برادر ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے کردار ادا کر رہا ہے اور قیادت اس حوالے سے مسلسل کوششیں کر رہی ہے اور پاکستان کویت کے ساتھ بزنس ٹو بزنس روابط اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بڑی منڈی ہونے کے ساتھ ساتھ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور کویت کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کویتی سفیر ناصر عبدالرحمٰن جاسم المطیری نے کہا کہ مشکل حالات میں پاکستانی عوام کے تعاون پر کویت شکر گزار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خوراک، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ موبائل فون ڈیوائسز، لاجسٹکس، کارگو اور ٹرانسپورٹیشن کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک مستفید ہو سکتے ہیں۔











