وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں غذائی صورتحال ، وافر اشیاء کی برآمدات پر جائزہ اجلاس منعقد

18

لاہور،15 مارچ ( اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ملک میں غذائی صورتحال اور وافر اشیاء کی برآمدات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا-وزیراعظم  نے  کہا کہ ملکی غذائی ضروریات کیلئے اشیاء خورونوش کی طلب و رسد کی مکمل نگرانی کی جائے-اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اشیاءِ خورونوش کا وافر ذخیرہ موجود ہے، کسی بھی چیز کی قلت نہیں جبکہ عالمی سپلائی چینز متاثر ہونے سے خطے میں پاکستانی مصنوعات کی برآمد کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے-

وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں خلیجی ممالک کو درکار اشیاء خورونوش کی فراہمی اور انکے غذائی تحفظ کا خیال رکھا جائے-وزیراعظم نے مزید کہا کہ  پاکستانی غذائی ضروریات کو متاثر کئے بغیر وافر مقدار میں موجود اشیاء خورونوش کی خلیجی ممالک میں برآمد کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دیا جائے-وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برادر خلیجی ممالک میں اشیاء خورونوش کی برآمد کرتے وقت اعلی معیار یقینی بنایا جائے۔

مزید برآں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی این ایس سی بحری راستے کے ذریعے برادر  خلیجی ممالک میں اشیاء خورونوش برآمد کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرے-اجلاس کو ملک میں موجود اشیاء خورونوش کے موجودہ ذخائر اور پیداوار پر بریفنگ دی گئیاجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کے زرعی شعبے بشمول زرعی اجناس، گوشت، پولٹری، ڈیری اور سی-فوڈ میں برآمد کی وسیع استعداد موجود ہے-وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے کمیٹی تشکیل کرنے کی ہدایت کر دی جو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے گی،وزیرِ اعظم نے برادر خلیجی ممالک میں تعینات سفیران و ٹریڈ افسران کو  بھی متحرک رہنے کی ہدایت   کی-