اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے نگراں وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد خان نے بدھ کے روز ملاقات کی، جس میں گلگت بلتستان کی امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملک کے تمام علاقوں بالخصوص گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار ترقی کے لیے امن و امان کا قیام ناگزیر ہے، جبکہ سیاحت کے فروغ کے لیے بھی پرامن ماحول بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر نگراں وزیرِ اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد خان نے گلگت بلتستان میں امن و امان کے قیام کے لیے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کے کردار کو سراہتے ہوئے وفاقی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی معاونت سے خطے میں ترقیاتی عمل کو مزید تقویت ملے گی۔
ملاقات میں وفاقی سیکریٹری برائے کشمیر امور، گلگت بلتستان و سیفران ظفر حسن اور ایڈیشنل سیکریٹری کامران الرحمٰن بھی موجود تھے۔











