اسلام آباد، 26 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر براۓ مذہبی امور سردار محمد یوسف سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کی ملاقات ہوئی، جس میں حج انتظامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان حجاج کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے اور حکومت حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے حج و عمرہ انتظامات میں مزید بہتری لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ حج کے شعبے میں اپنے تجربات کے تبادلے کے لیے تیار ہے، جبکہ باہمی تعاون کے ذریعے حجاج کرام کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے بھی پاکستان کے حج انتظامات کو سراہتے ہوئے اس شعبے میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم خان بھی موجود تھے۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، مذہبی ہم آہنگی اور باہمی تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔











