اسلام آباد، 31 مارچ (اے پی پی ): سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے پاکستانی اور چینی عملے کے اعزاز میں منعقدہ سالانہ ایوارڈ تقریب کے دوران دونوں ممالک کے نمائندہ سٹاف نے خطاب کرتے ہوئے پاک چین دوستی اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک پر کام کرنے کا تجربہ نہ صرف ان کے پیشہ ورانہ کیریئر کو نئی جہت دیتا ہے بلکہ اس سے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی، اعتماد اور مشترکہ مستقبل کے وژن کو بھی فروغ ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شراکت داری محض منصوبوں تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے کا ذریعہ بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران انہوں نے پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کی مضبوطی کو قریب سے دیکھا۔ ان کے مطابق دونوں ممالک صرف ہمسایہ نہیں بلکہ مشکل اور آسان ہر وقت ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے والے شراکت دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان غیر متزلزل تعلقات کی عملی مثال ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مشترکہ کوششوں سے بڑے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
سٹاف نمائندگان نے تقریب کے منتظمین، سی پیک سیکرٹریٹ، وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اور پاکستان میں چینی سفارتخانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تقاریب غیر معمولی خدمات انجام دینے والے افراد کی حوصلہ افزائی کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان اور پاکستان میں چینی چیمبر آف کامرس کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا۔
تقریب کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی کامیابی اور پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتے رہیں گے۔











