ملتان 20 مارچ )اے پی پی):چاند رات کے موقع پر شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) ملتان نے کہا ہے کہ شہر بھر میں 550 سے زائد ٹریفک اہلکار، جن میں لیڈیز وارڈنز بھی شامل ہیں، مختلف مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں اور میجر شاہراہوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گردیزی مارکیٹ، حسین آگاہی سمیت تمام بڑے بازاروں میں خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جبکہ لیڈیز سکواڈ بھی تعینات ہے تاکہ خواتین کو کسی بھی قسم کی پریشانی کی صورت میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ بچوں کی حفاظت کیلئے بھی خصوصی ٹیمیں موجود ہوں گی۔
سی ٹی او کے مطابق رش کے پیش نظر اہم بازاروں میں گاڑیوں اور رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں بازاروں کے باہر پارک کریں اور پیدل آ کر خریداری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس ہمہ وقت شہریوں کی خدمت کیلئے موجود ہے اور عوام سے اپیل ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کرتے ہوئے پولیس سے تعاون کریں۔











