ملتان 06 مارچ )اے پی پی):کمشنر عامر کریم خاں سے پی ایم ایس 14 کے آٹھ پروبیشنری افسران نے ملاقات کی۔ افسران ایک ہفتے کے مطالعاتی دورے پر ملتان آئے ہیں جہاں وہ مختلف سرکاری دفاتر کا دورہ کر کے انتظامی امور اور ورکنگ اسٹائل کا جائزہ لیں گے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے اس موقع پر افسران کو دیانتداری، غیر جانبداری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی پالیسیوں کے عملی نفاذ کے ذمہ دار ہوتے ہیں اور انہیں چیلنجز کا سامنا حوصلے، دانشمندی اور جرات کے ساتھ کرنا چاہیے۔
کمشنر نے کہا کہ سروس کے ابتدائی دور میں نظام کو بہتر انداز میں سمجھنا اور میرٹ پر فیصلے کرنا ایک کامیاب افسر کی پہچان ہے۔ انہوں نے پروبیشنری افسران کو ملتان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔
اس موقع پر افسران کو بتایا گیا کہ شہر کی خوبصورتی اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں، جن میں پارکس کی بحالی، مخیر حضرات کے تعاون سے بس اسٹینڈز اور چوکوں کی تعمیر، مساجد میں شو ہارنز کی فراہمی اور پرندوں کے لیے آب و دانہ پوائنٹس کا قیام شامل ہے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے تحت ملتان ڈویژن میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں ملتان ایونیو، ملتان وہاڑی روڈ اور سیوریج مسائل کے حل کے لیے بڑے منصوبے شامل ہیں۔ پروبیشنری افسران نے کمشنر سے انتظامی تجربات اور گورننس کے امور پر بھی رہنمائی حاصل کی۔











