کراچی، 23 مارچ (اے پی پی):گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی نے یومِ پاکستان کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری دی جہاں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ بزرگوں کی رکھی بنیاد ہماری منزل کی رہنمائی ہے، پاکستان کو معاشی و سیاسی استحکام دینا ہوگا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آج سے یہ سفر شروع کرتے ہیں اور 2040تک پاکستان کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ بابائے قوم اور نواز شریف کی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاست میں انتشار نہیں پھیلانا بلکہ پاکستان کو مضبوط بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت ہے کہ سندھ کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا جائے اور صوبے کی خوشحالی کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ گورنر سندھ نے دعا کی کہ وطن ہمیشہ سلامت رہے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کا عہدہ آئینی ہے جبکہ عوامی نمائندگی وزیر اعلی ٰکے پاس ہوتی ہے۔











