راولپنڈی، 28 اپریل )اے پی پی ): آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-2 میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا۔ یہ میزائل جدید ایویونکس اور جدید ترین نیویگیشنل ایڈز سے لیس ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق کا مقصد فوجیوں کی تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق اور بہتر درستگی و بڑھی ہوئی بقا کی صلاحیت کے لیے شامل کیے گئے مختلف سب سسٹمز کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔
مشق کے موقع پر اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے۔ فورم نے فتح سیریز کے مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کے کامیاب تربیتی تجربے کو سراہا۔
صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے میزائل کے کامیاب تربیتی تجربے میں حصہ لینے والے تمام افراد کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کو سراہا۔











