اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ہی کھیلوں کے فروغ کی ضمانت ہے، طارق فضل چوہدری

13

اسلام آباد،19اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےکہا ہے کہ اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ہی کھیلوں کے فروغ کی ضمانت ہے،ہمیں نچلی سطح سےٹیلنٹ تلاش کرکے اسے جدید سہولیات اور بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنا ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوارکوانڈر 18 ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل  میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا۔

میچ کےاختتام پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے۔اس موقع پرشرکا سے غیررسمی گفتگو کےدوران وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ایسےمقابلے نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں بلکہ انہیں قومی سطح پر اپنی پہچان بنانے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں،ایونٹ کےکامیاب انعقاد پر وزارت بین الصوبائی رابطہ، پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مشترکہ کاوشیں قابل تعریف ہیں،اس طرح کے مقابلے ہاکی کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ کی قیادت میں کھیلوں کے شعبے میں اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات جاری ہیں،اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ہی کھیلوں کے فروغ کی ضمانت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور اس کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے،ہمیں نچلی سطح سے ٹیلنٹ تلاش کرکے اسے جدید سہولیات اور بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنا ہوگی،کھیل صرف جسمانی صحت ہی نہیں بلکہ ٹیم ورک، برداشت اور قیادت جیسی صلاحیتوں کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت کھیلوں کےانفراسٹرکچر کی بہتری، گراس روٹ لیول پر اکیڈمیز کے قیام اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نےہاکی چیمپئن شپ کے منتظمین، کوچز اور کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایسے ایونٹس کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان ہاکی ایک بار پھر اپنے سنہری دور کی طرف لوٹے گی۔