فیصل آباد سے پہلی حج پرواز 156 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ

15

فیصل آباد، اپریل 19 (اے پی پی):  فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پہلی حج پرواز 156 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہو گئی۔ اس سلسلہ میں عازمین کو الوداع کرنے کیلئے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں رقت آمیز مناظر نے روحانی فضا کو مزید پراثر بنا دیا۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی رانا احمد شہریار خان، ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں، ڈسٹرکٹ منیجر پی آئی اے شاہد حسین اور ایئرپورٹ منیجر تسنیم اختر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور عازمین حج کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے رانا احمد شہریار خان نے کہا کہ حکومت عازمین حج کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ وہ اپنے مقدس سفر کو سکون اور اطمینان کے ساتھ مکمل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حج ایک مذہبی عظیم فریضہ ہے جو نہ صرف روحانی تربیت کا ذریعہ ہے بلکہ امت مسلمہ کے اتحاد اور اخوت کا عملی مظہر بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد سے حج آپریشن کا آغاز ایک خوش آئند اقدام ہے اور اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ عازمین حج کو ہر مرحلے پر سہولت اور رہنمائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے عازمین کو تلقین کی کہ وہ سعودی قوانین کی مکمل پاسداری کریں، نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور پاکستان کے سفیر کے طور پر اپنے کردار کو احسن طریقے سے نبھائیں۔ ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ عازمین حج کی سہولت کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور ایئرپورٹ پر انتظامات کو بہترین بنانے کیلئے خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے عازمین کیلئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کا سفر آسان فرمائے اور حج کی سعادت قبول کرے۔ ڈسٹرکٹ منیجر پی آئی اے شاہد حسین اور ایئرپورٹ منیجر تسنیم اختر نے بھی عازمین کو الوداع کہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حج فلائٹس کے آپریشن کو کامیاب بنانے کیلئے تمام انتظامات مکمل اور فعال ہیں۔ ایئرپورٹ پر اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے جہاں اہل خانہ اپنے پیاروں کو رخصت کرتے ہوئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کے ساتھ الوداع کر رہے تھے۔ عازمین حج نے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے سفر کو آسان بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ تقریب کے اختتام پر عازمین حج کی خیریت اور کامیاب واپسی کیلئے اجتماعی دعا بھی کی گئی جبکہ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ پروازوں کے لئے بھی اسی جذبے اور بہترین انتظامات کو برقرار رکھا جائے گا۔