سمندری دفاع میں اہم سنگ میل، پاک بحریہ کا ”تیمور” ائیر لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

12

راولپنڈی، 21 اپریل (اے پی پی):پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی شپ ویپن سسٹم “تیمور ائیر لانچڈ کروز میزائل” کا کامیاب لائیو ویپن فائرنگ تجربہ کیا۔ یہ تجربہ پاک بحریہ کی درست نشانہ بازی کی صلاحیت اور آپریشنل تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ائیر لانچڈ کروز میزائل نے غیر معمولی درستگی کے ساتھ اپنا ہدف کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اس کامیاب تجربے سے پاک بحریہ کی طویل فاصلے تک سمندر میں دشمن کے خطرات کا سراغ لگانے، ہدف بنانے اور فیصلہ کن طور پر تباہ کرنے کی جنگی صلاحیت کی توثیق ہو گئی ہے۔

پاک بحریہ کا یہ مظاہرہ قومی دفاعی صلاحیت میں اہم اضافے کی علامت ہے، جس سے پاکستان مسلح افواج کی روایتی میدان میں کثیر الجہتی مربوط اسٹرائیک صلاحیت مزید مضبوط ہوئی ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک بحریہ قوم کے سمندری مفادات اور خودمختار پانیوں کے تحفظ کے عزم پر ثابت قدم ہے۔

صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے اس اہم سنگ میل کے حصول پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔