“سٹیز فار چلڈرن” اور ملالہ فنڈ کے اشتراک سے اہم گول میز کانفرنس کا انعقاد

13

اسلام آباد، 02 اپریل ( اے پی پی): اسلام آباد میں “سٹیز فار چلڈرن” اور ملالہ فنڈ کے اشتراک سے اہم گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری کی صدارت میں منعقدہ کانفرنس میں رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک اور پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم رابعہ نسیم فاروقی نے بھی شرکت کی۔

 کانفرنس کا بنیادی مقصد بچوں کو صرف اسکولوں میں داخل کرنا ہی نہیں بلکہ انہیں تعلیمی نظام میں برقرار رکھ کر کامیابی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی ویژن کے تحت این اے 57 میں 39 ہزار بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں سے چند ہفتوں میں 5 ہزار بچوں کو اسکولوں میں داخل کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حلقے میں تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے 20 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے اسکولوں کی تعمیر و مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ جدید تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے 33   میٹرک- ٹیک اسکولز اور 29 کمپیوٹر لیبارٹریز بنائی گئی ہیں، جبکہ 100 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

تعلیمی اصلاحات کے اس سفر میں معاشرے کے پسماندہ طبقات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ٹرانس جینڈر طلبہ کے لیے دو مخصوص اسکول اور زرعی مزدوری کرنے والے بچوں کے لیے صبح سویرے اسکولوں کا منفرد نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

 اس کے علاوہ “اسکول آن وہیلز” اور “لائبریری آن وہیلز” جیسے منصوبے بھی اس جامع تعلیمی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ ماہرینِ تعلیم اور پالیسی سازوں نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے ایسے منصوبے پورے ملک کے لیے مثال ہیں۔