سانیا،30 اپریل (اے پی پی) : صدر مملکت آصف علی زرداری سے چین کے صوبہ ہائینان کے پارٹی سیکرٹری فینگ فئی اور صوبائی گورنر لیو شیاومنگ نے سانیا میں ملاقات کی۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ملاقات میں اقتصادی تعاون، تجارتی روابط کو وسعت دینے اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت ہوئی اور امن، استحکام، مکالمے اور تعاون کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
صدر مملکت نے صوبہ ہائینان کی حکومت کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین سدابہار اور تزویراتی شراکت دار ہیں اور چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ملکوں کی دوستی کی جڑیں عوام میں ہیں اور پاک چین دوستی کو عوامی اور ادارہ جاتی سطح پر بھرپور حمایت حاصل ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ رواں سال دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں منعقدہ تقریبات دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے ہائینان صوبہ انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے اور سیاحت، ہائی ٹیک صنعت اور زراعت میں باہمی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
صدر مملکت نے ہائینان کے کاروباری اداروں اور پاکستان کے برآمدی صنعتی شعبوں کے درمیان روابط میں اضافے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری میں روابط دوطرفہ تجارت میں اضافے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے سانیا میں چھٹے ایشیائی بیچ گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔
صدر مملکت نے بندرگاہوں کی ترقی، سیڈ ٹیکنالوجی اور ماہی گیری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین مستقبل میں بھی مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کوششیں جاری رکھیں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ چین کے ساتھ ان کا تین نسلوں پر محیط گہرا تعلق ہے جو شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بینظیر بھٹو شہید سے بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری تک محیط ہے۔
اس موقع پر پارٹی سیکرٹری فینگ فئی نے صدر مملکت اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا۔ وفد نے عالمی تجارت اور سرمایہ کاری میں ہائینان کی فری ٹریڈ پورٹ کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔ ہائینان کے پارٹی سیکرٹری فینگ فئی اور صوبائی گورنر نے صدر مملکت کے اعزاز میں ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔











