لاہور،30اپریل:( اے پی پی ) نوتشکیل شدہ متحدہ علماء بورڈ پنجاب کا قران کمپلیکس میں پہلا اجلاس منعقدہوا۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین اور چیئر مین متحدہ علماء بورڈ پنجاب مفتی انتخاب احمد نوری نے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں عالمی امن کے حوالے سے پاکستان کی موجودہ عسکری و سیاسی قیادت کی کاوشوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیاگیااور معرکہ حق میں زبردست کامیابی پر پاکستان کی بہادر مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کیاگیا۔
اجلاس میں ملک سے فرقہ واریت کے خاتمے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیاگیااور پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے اور ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے اتحاد کی قوت سے آگے بڑھنے کے عزم کا اظہارکیاگیا۔
صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ علماء بورڈ کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا،جب میں نے محکمہ اوقاف ومذہبی امور کا قلمدان سنبھالا تو محکمے کا برا حال تھا،درباروں پر رکھے گلوں سے نذرانے چرالئے جاتے تھے، نگران دور سے پہلے محکمہ اوقاف کی زمینوں پر ناجائز قبضے ہوئے،میں نے پہلی بار قرآن اکیڈمی کا دورہ کیا تو لائبریری میں پڑی اسلامی کتابوں پر گرد تھی۔
محکمہ میں گزشتہ ایک سال کے دوران ایسی اصلاحات کی گئیں جو پہلے کبھی نہیں ہوئیں۔ محکمہ اوقاف کی اربوں روپے کی زمینیں ناجائز قابضین سے واگزار کرانے کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔
صوبائی وزیرچوہدری شافع حسین نے کہاکہ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ کی کاوشوں سے محکمہ اوقاف کی آمدن میں 400گنا اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے تمام امور کی ڈیجیٹائز یشن کی جارہی ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز سے محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مزارات اور مساجد کی تزئین آرائش کی جارہی ہے،مساجد اور مزارات میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا گیا ہے۔
صوبائی وزیر اوقاف نے کہاکہ بدقسمتی سے قرآن کمپلیکس میں آج تک خاتم النبیین یونیورسٹی میں کلاسیں شروع نہیں ہوسکیں،کوشش ہے کہ خاتم النبیین یونیورسٹی میں اسی سال کلاسیں شروع ہوں۔اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد اور علماء کرام کی مشاورت سے خاتم النبیین یونیورسٹی کو فعال کیا جائے گا۔
چوہدری شافع حسین نے کہاکہ اسلام امن کا دین ہے جس میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی بہادر افواج ملک میں قیام امن کے لئے لازوال کردار ادا کر رہی ہیں۔عالمی امن کے قیام کیلئے بھی سیاسی اور عسکری قیادت کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ۔چوہدری ظہور الٰہی شہید اور چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ عوامی خدمت اور رواداری کی سیاست کی ہے،ہم ان کی اسی سیاست کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔
صوبائی وزیر اوقاف نے کہاکہ متحدہ علماء بورڈ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والی ویب سائٹس پر نظر رکھے،متحدہ علماء بورڈ کے ہر ممبر کو اپنا بھرپور کردار ادا کرکے نتائج دینا ہے۔ چیئر مین متحدہ علماء بورڈ پنجاب مفتی انتخاب احمد نوری نے بورڈ کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کیا۔
مفتی انتخاب احمد نوری نے کہاکہ مذہبی و مسلکی منافرت اور فرقہ واریت کی روک تھام کیلئے متحدہ علماء بورڈ اپنا کلیدی کردار ادا کر ے گا۔ انہوں نے کہا نواز شریف،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتروں گا۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے نو منتخب چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب اور دیگر ممبران کو مبارکباد دی۔ سابق چیئرمین متحدہ علماء بورڈ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے اجلاس کے اختتام پر ملک کی ترقی،استحکام اور سلامتی کیلئے خصوصی دعا کرائی۔
سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ،متعلقہ سرکاری محکموں کے حکام اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔











